یہ بات تو ایک عام مسلمان بھی اچھی طرح سمجھتا ہے کہ اصحابِ رسولﷺوہ عظیم ہستیاں ہیں جنھوں نے رسول اللہﷺسے دین کو مکمل طور پر سمجھا اور ایمانتداری کے ساتھ اُمت تک پہنچایا ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کے دلوں کو اللہ نے پاک کر دیا ،ان کی نیک نیتوں کی گواہی ربِّ ذولجلال نے قرآن مجید میں دی ،جن کے قطعی جنتی اور مغفور ہونے کا ذکر قرآن و حدیث میں موجود ہےاور جن کے عادل ہونے پر پوری اُمت کا اجماع ہے۔ وہیں پر اپنی عاقبت کی فکر کیے بغیر اور حق سے اعراض کیے ہوئے کچھ حضرات ان ہستیوں کا بغض اپنے دل میں لیے ہرزہ سرائیاں کرتے رہتے ہیں۔ بلاشبہ ان کے اعتراضات اور نازیبا الفاظ اصحابِ رسولﷺ کی عظمت میں رائی برابر بھی نہ کمی کر سکتے ہیں اور نہ ہی ایک سچے مسلمان کے دل سے اِن عظیم ہستیوں کی محبت چھین سکتے ہیں۔لیکن چونکہ یہ افراد ہمارے دین کا حصہ ہیں اور انھی کے ذریعے دین ہم تک پہنچا ہے ۔ تو ان پر الزامات کا ردّ (دفاعِ صحابہ) اصل میں دفاعِ اسلام ہے۔
سوشل میڈیا پر اصحاب ِ رسول ﷺکے خلاف برپاایک عظیم طوفانِ بدتمیزی کو روکنے کے لیے ، بسا اوقات محبِ صحابہ کے دل میں پیدا ہونے والے وساوس کو رفع کرنے ، غلط نظریات اور بے جا اعتراضات کی سرکوبی اور حُبِّ صحابہ کے پرچارکے لیے یہ ویب سائٹ تیار کی گئی ہے۔ اصحابِ رسولﷺ کی عظمت پر موجود قرآن و حدیث اور اعتراضات کے مدلل جوابات کو ایک جگہ یکجا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
یہ کام صرف فردِ واحد کا نہیں بلکہ تمام امت اس کی پابند ہے۔ لہذا اپنی بساط کے مطابق اس میں حصہ باعثِ اجرو ثواب ہے۔
اس عظیم مقصد کی تکمیل میں ہمارا ساتھ دیجئے۔ تحقیق پر مبنی تحاریر بھیجئے۔ موضوع سے متعلق اگر آپ کے پاس کوئی کتاب ہو تو ہمیں آگاہ کیجئے تا کہ اسے ویب سائٹ پر پیش کیا جا سکے۔
انسانی کاوشوں میں ہمیشہ غلطی کا امکان ہوتا ہے لہٰذا اپنے مشوروں اور تجاویز سے نوازتے رہیے۔ جزاکم اللہ خیرا